Baaghi TV

ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے-

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، ہوا کی رفتار کم ہونے کے باعث شہر میں حبس کی شدت برقرار رہے گی لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں نے زرعی اراضی اور فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے، جبکہ متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے انتظامیہ نے بابوسر روڈ کو سیلابی صورتحال کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔

کراچی میں بھی جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ رات کے وقت چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، شہر کا درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی ہے، جبکہ جنوب مغربی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں-

ادھر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کے مطابق 29 جولائی سے جاری بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 6 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 65 مکانات کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہےمتاثرہ علاقوں میں ایبٹ آباد، پشاور، سوات، بونیر، خیبر، چترال اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے نشیبی علاقوں، پہاڑی مقامات اور ندی نالوں کے اطراف رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

More posts