Baaghi TV

88 کروڑ روپے فراڈ کیس،شوہر کے بعد ماسٹر مائنڈ ملزمہ بھی دبئی سے بھارت ڈی پورٹ

بھارت میں 88 کروڑ روپے کے مبینہ سرمایہ کاری فراڈ کیس میں مطلوب ملزمہ وشاکھا راٹھور کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے بھارت منتقل کر دیا گیا، جہاں پونے پہنچتے ہی مہاراشٹر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمہ کو 3 اگست کو پونے پہنچنے پر حراست میں لیا گیا۔ اس سے قبل اس کے شوہر اور مقدمے کے مبینہ مرکزی ملزم اویناش راٹھور کو بھی متحدہ عرب امارات سے بھارت واپس لا کر گرفتار کیا جا چکا ہے۔رپورٹس کے مطابق بھارتی تحقیقاتی اداروں، وزارتِ خارجہ اور وزارتِ داخلہ کی مشترکہ کوششوں سے ملزمہ کی واپسی ممکن ہوئی، جبکہ بھارتی حکام کی درخواست پر انٹرپول نے اس کے خلاف ریڈ نوٹس بھی جاری کیا تھا۔تحقیقات کے مطابق وشاکھا راٹھور اور اویناش راٹھور نے سرمایہ کاروں کو پرکشش ماہانہ منافع کا لالچ دے کر مختلف سرمایہ کاری اسکیموں میں رقوم جمع کروائیں اور مبینہ طور پر 88 کروڑ روپے ہڑپ کر لیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فراڈ سے حاصل کی گئی رقم مختلف بینک اکاؤنٹس اور ڈی میٹ اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں میاں بیوی کے خلاف 4 جون 2026ء کو ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد اویناش راٹھور کو متحدہ عرب امارات میں حراست میں لیا گیا اور 23 جولائی 2026ء کو بھارت کے حوالے کر دیا گیا۔اویناش راٹھور کو ممبئی پہنچنے پر گرفتار کر کے پونے منتقل کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اویناش اور وشاکھا راٹھور اس مبینہ سرمایہ کاری فراڈ کے مرکزی ملزمان ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

More posts