Baaghi TV

رپورٹر ناطق ریحان پر پولیس تشدد، پی ایف یو جے کی شدید مذمت

لاہور میں ایوانِ عدل کے باہر پی ٹی آئی وکلا کے احتجاج کی کوریج کے دوران پولیس نے آج نیوز کے رپورٹر ناطق ریحان کو مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حراست میں لے لیا۔ ناطق ریحان پر تشدد اور انہیں حراست میں لیے جانے کے خلاف صحافیوں نے شدید احتجاج کیا، جس پر پولیس نے انہیں رہا کر دیا۔

دوسری جانب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے ناطق ریحان پر سرِعام پولیس تشدد اور انہیں حراست میں لیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اعلانیہ و غیر اعلانیہ سنسرشپ اور سیلف سنسرشپ کے باوجود صحافیوں کو ہراساں کرنا معمول بنتا جا رہا ہے۔ این سی سی آئی اے اور پولیس کی جانب سے صحافیوں کے خلاف کارروائیاں ناقابلِ قبول ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ریاستی اداروں نے اپنا طرزِ عمل تبدیل نہ کیا تو ملک بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے نہ پہلے صحافیوں کو خاموش کرایا جا سکا ہے اور نہ آئندہ کرایا جا سکے گا۔

More posts