اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026ء ملتوی کرتے ہوئے امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پہلے 16 اگست 2026ء کو ہونے والا ایم ڈی کیٹ اب 20 ستمبر 2026ء کو منعقد ہوگا۔ کونسل کا کہنا ہے کہ امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کا مقصد امتحانی عمل کو مزید منظم، محفوظ، شفاف اور امیدواروں کے لیے سہل بنانا ہے۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ امتحان کی نئی تاریخ کے علاوہ دیگر تمام شرائط، ضوابط، نصاب اور امتحانی انتظامات بدستور برقرار رہیں گے۔ تاہم اگر مستقبل میں کسی مزید تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس سے متعلق علیحدہ باضابطہ اطلاع جاری کی جائے گی۔پی ایم ڈی سی نے تمام امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات، ہدایات اور اعلانات کے لیے کونسل کی سرکاری ویب سائٹ اور دیگر سرکاری ذرائع سے مسلسل رابطے میں رہیں۔کونسل نے امتحان کی تاریخ میں تبدیلی سے امیدواروں کو ہونے والی ممکنہ پریشانی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون، صبر اور تفہیم کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ 2026ء کا امتحان ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی، تاہم بعد ازاں حکومت کی ہدایت پر پی ایم ڈی سی نے امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
