عالمی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے، جبکہ مالیاتی ماہرین نے پیشگوئی کی ہے کہ اگر موجودہ عالمی معاشی اور جغرافیائی سیاسی رجحانات برقرار رہے تو 2030 تک سونے اور چاندی کی قیمتیں نئی تاریخی بلندیاں چھو سکتی ہیں۔
سونا طویل عرصے سے محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے، خاص طور پر ایسے ادوار میں جب عالمی معیشت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو۔ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، تاہم حالیہ ہفتوں میں اس کی قیمت میں معمول کے اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ چاندی کی قیمتیں بھی اضافے کے بعد اب کچھ حد تک نیچے آئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، عالمی معاشی خدشات اور سرمایہ کاروں کا محفوظ اثاثوں کی جانب بڑھتا رجحان سونے اور چاندی کی طلب میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔ یہی عوامل مستقبل میں بھی ان قیمتی دھاتوں کی قیمتوں کو مزید اوپر لے جا سکتے ہیں۔
غیر ملکی مالیاتی ویب سائٹس سے وابستہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ حالات برقرار رہے تو سونے کی قیمت آئندہ برس ہی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ سکتی ہے اور فی اونس قیمت 7 ہزار ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق 2030 کی ابتدائی دہائی تک سونے کی عالمی قیمت 10 ہزار ڈالر فی اونس جبکہ چاندی کی قیمت 300 ڈالر فی اونس سے زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اگر امریکا کو مالیاتی دباؤ، خصوصاً سوشل سیکیورٹی فنڈ سے متعلق مسائل کا سامنا کرنا پڑا تو سونے اور چاندی کی قیمتیں موجودہ اندازوں سے بھی زیادہ بڑھ سکتی ہیں۔ ایسی صورت میں قیمتی دھاتوں کی کان کنی سے وابستہ کمپنیوں کے حصص کی قدر میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
اس وقت عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت تقریباً 4,268 ڈالر فی اونس ہے جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 49 ہزار 236 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اگر مستقبل میں سونے کی عالمی قیمت 10 ہزار ڈالر فی اونس تک پہنچتی ہے تو موجودہ شرح مبادلہ کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 10 لاکھ 52 ہزار روپے سے تجاوز کر سکتی ہے۔
تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ صرف مالیاتی تجزیوں اور موجودہ رجحانات پر مبنی پیشگوئیاں ہیں، جن کی کوئی حتمی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ عالمی سیاسی حالات، معاشی پالیسیوں اور مالیاتی منڈیوں میں آنے والی تبدیلیاں ان اندازوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔
2030 تک سونا 10 ہزار ڈالر فی اونس تک جا سکتا ہے
