Baaghi TV

‎پی سی بی کا ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی، 10 لاکھ روپے جرمانہ

‎پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ان پر دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
‎پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حمزہ نذر آئندہ دو برس تک کسی بھی ڈومیسٹک یا بین الاقوامی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا۔
‎اعلامیے کے مطابق حمزہ نذر کے خلاف تحقیقات ویزا درخواست کے دوران فراہم کی گئی معلومات کے حوالے سے کی گئیں۔ انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ انہوں نے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، بعض اہم حقائق چھپائے اور گمراہ کن معلومات جمع کرائیں، جس کے باعث ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہوئی۔
‎پی سی بی نے بتایا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے تمام دستیاب شواہد کا جائزہ لیا اور حمزہ نذر کو بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا، جس کے بعد تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
‎بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ میں دیانت داری، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔ غلط بیانی، حقائق چھپانے یا گمراہ کن معلومات فراہم کرنے جیسے اقدامات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ ایسے معاملات نہ صرف ادارے بلکہ پاکستان کرکٹ اور اس کے وقار کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

More posts