Baaghi TV

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے

pm shehbaz

‎وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں جدہ ایئرپورٹ پر سعودی حکام اور پاکستان کے سفیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ سطح کا پاکستانی وفد بھی موجود ہے۔
‎دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ، اقتصادی شراکت داری اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
‎سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں رہنما تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
‎وزیراعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور مدینہ منورہ جا کر مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دیں گے۔
‎یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور علاقائی استحکام کے حوالے سے روابط میں مسلسل پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے، جسے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts