کراچی: شہر کے علاقے سہراب گوٹھ میں واقع ایدھی سینٹر پر دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ملزمان لاکھوں روپے کی نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ایدھی سینٹر کے ترجمان کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے بینک سے 65 لاکھ روپے کی نقد رقم نکلوائی گئی تھی۔ جیسے ہی رقم ایدھی سینٹر پہنچائی گئی، دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان وہاں پہنچ گئے اور اسلحے کے زور پر پوری رقم چھین کر فرار ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ واردات انتہائی منصوبہ بندی کے ساتھ کی گئی اور ملزمان چند ہی لمحوں میں کارروائی مکمل کرکے موقع سے فرار ہوگئے۔ لوٹی گئی رقم ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے مخصوص تھی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے فوری بعد نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق چاروں ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے، جس کے باعث ان کی شناخت فوری طور پر ممکن نہیں ہو سکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایدھی سینٹر اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے، جبکہ ملازمین اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ تفتیشی ٹیم مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل سندھ پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایدھی سینٹر غریبوں، ناداروں اور لاوارث افراد کی خدمت کا اہم ادارہ ہے، ایسے ادارے کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔
کراچی: ایدھی سینٹر سہراب گوٹھ میں ڈکیتی، تنخواہوں کے لیے لائی گئی 65 لاکھ روپے کی رقم لوٹ لی گئی
