Baaghi TV


پرائیویٹ حج بکنگ کا نظام تبدیل، تمام عمل اب ’پاک حج ایپ‘ کے ذریعے ہوگا

‎حکومتِ پاکستان نے پرائیویٹ حج انتظامات میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے پرائیویٹ حج اسکیم کو پہلی بار وزارتِ مذہبی امور کی براہِ راست نگرانی میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
‎نئے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت اب پرائیویٹ حج کی بکنگ، معاہدوں کی تکمیل اور تمام مالی ادائیگیاں وزارتِ مذہبی امور کی سرکاری پاک حج ایپ کے ذریعے انجام دی جائیں گی۔ اس نئے نظام کا مقصد حج انتظامات میں شفافیت، نگرانی اور سہولت کو بہتر بنانا ہے۔
‎حکام کے مطابق پہلے پرائیویٹ حج آپریٹرز خود بکنگ، معاہدوں اور ادائیگیوں کا نظام چلاتے تھے، تاہم اب یہ تمام مراحل سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے تحت مکمل کیے جائیں گے تاکہ حاجیوں کے حقوق کا بہتر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
‎وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے ذریعے پرائیویٹ حج آپریٹرز کی سرگرمیوں پر مؤثر نگرانی ممکن ہوگی، جبکہ حج درخواست گزاروں کو بھی ایک ہی پلیٹ فارم پر تمام ضروری خدمات اور معلومات دستیاب ہوں گی۔
‎حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے مالی معاملات میں شفافیت بڑھے گی، شکایات میں کمی آئے گی اور حج آپریشن کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔
‎نئے ضوابط پر عمل درآمد کے بعد پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت خدمات فراہم کرنے والے آپریٹرز کو بھی وزارتِ مذہبی امور کے مقرر کردہ طریقہ کار کے مطابق کام کرنا ہوگا۔ توقع ہے کہ اس نظام سے حج کے انتظامی امور کو مزید منظم اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے گا۔

More posts