Baaghi TV

کراچی: اے ٹی ایم سے 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری

atm

‎کراچی کے علاقے آرام باغ میں بینک کے اے ٹی ایم سے 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری ہونے کا معمہ پولیس نے 24 گھنٹے کے اندر حل کرلیا۔ واردات میں بینک کا آپریشنز منیجر ہی مبینہ طور پر ماسٹر مائنڈ نکلا، جسے پولیس نے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
‎اے آر وائی نیوز کے مطابق ملزمان نے واردات کے دوران شناخت چھپانے کے لیے برقع اور ماسک کا استعمال کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اے ٹی ایم بوتھ میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کو نظر سے اوجھل کرنے کے لیے اس پر ببل گم بھی چپکا دی، تاکہ واردات کی ویڈیو ریکارڈنگ متاثر ہو اور ملزمان کی شناخت نہ ہوسکے۔
‎تاہم ملزمان کی یہ کوشش زیادہ دیر تک کامیاب نہ ہوسکی۔ آرام باغ پولیس نے تکنیکی بنیادوں، انسانی ذرائع اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واردات میں ملوث افراد کا سراغ لگا لیا۔
‎پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینک کے آپریشنز منیجر ارسلان کو گرفتار کیا، جس کے بعد اس کے مبینہ ساتھی ریحان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں آپریشنز منیجر کے واردات میں مرکزی کردار کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
‎پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے چوری کی گئی رقم میں سے 29 لاکھ 74 ہزار روپے برآمد کرلیے گئے ہیں، جبکہ باقی رقم کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے۔
‎حکام کے مطابق ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کی جارہی ہے تاکہ واردات کی مکمل تفصیلات، چوری کی رقم کے استعمال اور ممکنہ طور پر کسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے کا پتا چلایا جاسکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید پیش رفت سامنے آنے کا امکان ہے۔

More posts