کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے لاہور میں منشیات کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ایک ہفتے کے دوران 45 مبینہ منشیات اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 151 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت تقریباً ساڑھے 4 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران منشیات کے علاوہ اسلحہ اور ایک ڈرون بھی قبضے میں لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاہور اور دیگر علاقوں میں منشیات کی ترسیل اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ متعلقہ ادارے اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ برآمد ہونے والی منشیات کہاں سے لائی گئی اور اسے ملک کے اندر کن علاقوں تک پہنچایا جانا تھا۔
کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق اگست 2025 سے اب تک ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 24.8 ٹن منشیات کی ترسیل ناکام بنائی جاچکی ہے۔
حکام کے مطابق برآمد کی جانے والی منشیات کی مجموعی مالیت تقریباً 2.26 ارب روپے بنتی ہے۔ حکام نے منشیات کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا کریک ڈاؤن، 45 اسمگلرز گرفتار
