Baaghi TV

میر رضا کیس میں اہم پیشرفت، ڈی این اے والدین سے میچ ہوگیا

‎کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کا ڈی این اے ان کے والدین سے میچ کرگیا ہے، جس کے بعد شناخت سے متعلق معاملہ واضح ہوگیا ہے۔
‎ذرائع کے مطابق جامعہ کراچی کی کیمیکل لیبارٹری نے بھی میر رضا کی شرٹ سے متعلق کیمیائی تجزیے کی رپورٹ متعلقہ ادارے کو ارسال کردی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ رپورٹ ڈی این اے ٹیسٹ سے متعلق نہیں بلکہ شرٹ پر موجود ممکنہ کیمیائی شواہد کی جانچ سے متعلق ہے۔
‎تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کی شرٹ کے کیمیائی تجزیے کے دوران نمک کے تیزاب کے شواہد ملے ہیں۔ اس کے علاوہ میر رضا کے خون کے نمونے میں بے ہوشی کی دوا کے اجزا بھی پائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
‎تحقیقاتی ذرائع کے مطابق شرٹ پر گن شاٹ ریزیڈیو یعنی جی ایس آر بھی پایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جی ایس آر کمر کے حصے پر نسبتاً زیادہ مقدار میں موجود تھا، جس کی بنیاد پر تفتیشی ٹیم اس امکان کا جائزہ لے رہی ہے کہ گولی کمر کی جانب سے لگی ہو۔ تاہم واقعے کی مکمل نوعیت اور فائرنگ کے حالات کا تعین دیگر شواہد اور فرانزک تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔
‎دوسری جانب کیس کی تفتیش مزید مؤثر بنانے کے لیے تفتیشی ٹیم میں دو نئے افسران کو شامل کرلیا گیا ہے۔ جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ایس پی سراج الدین اور انسپکٹر محمد علی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دونوں افسران کی شمولیت کے بعد میر رضا کیس کی تفتیشی ٹیم سات ارکان پر مشتمل ہوگئی ہے۔
‎ادھر کیس کے سابق تفتیشی افسر نے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش ہوکر تحقیقات سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کی۔ سابق تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں اور اعلیٰ حکام کی جانب سے تفتیشی افسر تبدیل کردیا گیا ہے، اس لیے نئے تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔
‎عدالت نے سابق تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے 15 اگست تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ کیس میں فرانزک، کیمیائی اور دیگر شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے کی حتمی صورتحال تفتیش مکمل ہونے کے بعد واضح ہوگی۔

More posts