محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور گردونواح میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ شہریوں کو موسم میں اچانک تبدیلی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی رات شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، لاہور اور قصور میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آئندہ چند روز کے دوران موسم جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض اوقات تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ تین روز کے دوران بعض مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے بعض علاقوں میں بارش کے امکانات کے باوجود صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کی توقع ہے۔ ملک کے جنوبی اور میدانی علاقوں میں بھی درجہ حرارت زیادہ رہنے کے ساتھ موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسمیاتی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو خاص طور پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو بھی موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث بعض علاقوں میں گرمی اور حبس کی شدت میں عارضی کمی آسکتی ہے، تاہم وسطی اور جنوبی علاقوں میں مجموعی طور پر گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی
