کراچی: مرکزی مسلم لیگ کراچی کے زیرِ اہتمام ماہِ آزادی کی مناسبت سے "کشتی آزادی ریلی” کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں درجنوں کشتیوں نے شرکت کی۔ یہ ریلی کیماڑی جیٹی سے نکالی گئی جہاں سبز ہلالی پرچموں کی بہار نے سمندر کو قومی رنگ میں رنگ دیا اور حب الوطنی کا دلکش منظر پیش کیا۔ کشتیوں پر سوار کارکنان اور ماہی گیروں نے "پاکستان زندہ باد” اور آزادی کے پرجوش نعرے لگائے۔
کشتی آزادی ریلی کے موقع پر مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے مستحق ماہی گیروں میں کشتیاں بھی تقسیم کی گئیں، جس کا مقصد انہیں باعزت روزگار فراہم کرنا اور ان کی معاشی حالت کو بہتر بنانا ہے۔ کشتی آزادی ریلی کی قیادت مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم اور کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑوں کی چوٹیوں سے لے کر سمندر کی گہرائیوں تک بسنے والے پاکستانی اپنی آزادی کا جشن بھرپور انداز میں منا رہے ہیں۔ یہ ریلی اس عزم کا اظہار ہے کہ خشکی ہو یا سمندر، ہر جگہ سبز ہلالی پرچم سربلند رکھا جائے گا، اور پاکستانی قوم ہر محاذ پر متحد اور بیدار ہے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ مرکزی مسلم لیگ نے ماہِ آزادی کے دوران ہر طبقہ ہائے زندگی کو اس خوشی میں شریک کرنے کے لیے شہر بھر میں مختلف تقریبات اور ایونٹس کا انعقاد کیا ہے، تاکہ آزادی کی حقیقی روح کو اجاگر کیا جا سکے اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔یہ دور سبز ہلالی پرچم والے ملک پاکستان کا ہے، اور پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور باوقار ریاست ہے۔ پاکستانی قوم ایک باہمت اور فاتح قوم ہے جسے اپنی بحری، بری اور فضائی افواج پر فخر ہے، جن کی بدولت ملک کا دفاع مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
مکہ معاہدے کو امت مسلمہ کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امت کے اتحاد اور قیادت میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔آخر میں رہنماؤں نے قوم سے اپیل کی کہ یومِ آزادی کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے، گھروں، گلیوں، کشتیوں اور گاڑیوں پر سبز ہلالی پرچم لہرایا جائے اور دنیا کو یہ پیغام دیا جائے کہ پاکستانی قوم ایک زندہ، باوقار اور متحد قوم ہے جو ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے
