ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔ ایک ایرانی اعلیٰ عہدیدار کے مطابق تہران اور واشنگٹن کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے کوئی مذاکرات جاری نہیں ہیں۔ رائٹرز نے بھی ایرانی عہدیدار کے حوالے سے اس موقف کی تصدیق کی ہے۔
ایرانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ اس کے لیے کوئی نئی تاریخ طے نہیں کی گئی۔ ایران نے امریکا پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ معاہدہ ہونے کے صرف 48 گھنٹے بعد ہی واشنگٹن نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
ایران کے مطابق امریکی اقدامات کے باعث جنگ بندی کے مستقبل اور دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ مذاکرات پر مزید غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ اس سے قبل بھی ایرانی حکام واضح کرچکے ہیں کہ جب تک وہ امریکا کو معاہدے کی خلاف ورزی کا ذمہ دار سمجھتے ہیں، براہ راست مذاکرات آگے بڑھنا مشکل ہے۔
دوسری جانب، جنگ بندی اور ممکنہ سفارتی پیش رفت سے متعلق مختلف دعووں کے باعث خطے کی صورتحال بدستور غیر یقینی ہے، جبکہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان اعتماد کا فقدان کسی بھی نئے معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ دکھائی دے رہا ہے۔
ایران کا امریکا کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع سے انکار
