اسلام آباد میں جشن آزادی کی تقریبات کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ڈائیورشن پلان جاری کردیا۔
ٹریفک پلان کے مطابق اسلام آباد میں 12 اگست رات 12 بجے سے 14 اگست رات 12 بجے تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا،ایکسپریس وے اور فیصل ایونیو کے بعض حصے بند رہیں گے کورال چوک سے خیابان چوک کی جانب ایکسپریس وے اور فیصل ایونیو دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند ہوں گے،کورال، روات اور ایکسپریس وے سے اسلام آباد آنے والے شہری کھنہ پل لوپ، لہتراڑ روڈ، پارک روڈ، راول ڈیم چوک، مری روڈ، سرینا ہوٹل، سہروردی روڈ، جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ کا متبادل راستہ اختیار کرسکیں گے۔
خیابان چوک سے کورال جانے والے شہری جناح ایونیو، نائنتھ ایونیو، ڈبل روڈ، مری روڈ، راول روڈ اور پرانا ایئرپورٹ روڈ استعمال کرسکیں گےفیض آباد اور راول ڈیم کے اطراف بھی مختلف راستے بند رہیں گے۔ فیض آباد لوپ، اوراولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری نائنتھ ایونیو، جناح ایونیو یا مری روڈ کے ذریعے راول ڈیم چوک کا راستہ اختیار کرسکیں گے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جشن آزادی کی تقریبات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں،جڑی لوپ اور راول ڈیم سے فیض آباد کی جانب تمام لنک روڈز ٹریفک کے لیے بند ہوں گے۔
