پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما،رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ 14 اگست، یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان مسلم دنیا کے ساتھ اپنے تعلقات اور دفاعی تعاون کے حوالے سے ایک نئے باب میں داخل ہو رہا ہے۔
سحر کامران نے کہا کہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اعتماد کا آغاز نہیں بلکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے قائم باہمی اعتماد کو ایک ادارہ جاتی شکل دینے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ طاقت صرف اس کی عسکری صلاحیتوں سے ظاہر نہیں ہوتی بلکہ اس بات سے بھی عیاں ہوتی ہے کہ وہ اپنے شراکت دار ممالک کے ساتھ اعتماد اور باہمی یقین پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔سحر کامران نے اپنے مؤقف کو ’’اعتماد سے حکمتِ عملی تک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید منظم، مؤثر اور مضبوط دفاعی شراکت داری میں تبدیل کر رہا ہے۔
