پاکستان میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیت کو ستارہ امتیاز سے نوازنے کا اعلان کر دیا گیا
صدرِ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار خواجہ سرا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی نایاب علی کے لیے پاکستانی اعلیٰ ترین سول اعزاز کا اعلان کر دیا۔نایاب علی یومِ آزادی کے موقع پر جاری ہونے والی قومی اعزازات کی فہرست میں شامل ہے۔حکومتِ پاکستان نے قومی و عالمی سطح پر خواجہ سرا افراد کے حقوق کے لیے خدمات کے اعتراف میں نایاب علی کو ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کر دیا۔نایاب علی نے خواجہ سرا افراد کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور پالیسی سازی میں حکومتِ پاکستان کی معاونت کی۔نایاب علی نے اقوامِ متحدہ، کامن ویلتھ، امریکا اور برطانیہ سمیت متعدد عالمی پلیٹ فارمز پر پاکستان کی نمائندگی کی۔
نایاب علی کی کاوشوں سے خواجہ سرا افراد کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کا عالمی تشخص اجاگر ہوا۔نایاب علی انسانی حقوق کی محقق اور ہارورڈ کینیڈی اسکول میں گلوبل ہیومن رائٹس فیلو رہ چکی ہیں۔نایاب علی کی خدمات کے اعتراف میں جرمنی اور فرانس سمیت مختلف ممالک اور عالمی اداروں کی جانب سے متعدد بین الاقوامی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔نایاب علی کی انتھک کاوشوں سے خواجہ سرا افراد کے لیے تعلیم، تحفظ مراکز اور روزگار کے مواقع کے فروغ میں اہم پیش رفت ہوئی۔نایاب علی کی خدمات کا اعتراف، پاکستان میں خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے،نایاب علی کو ستارہ امتیاز یومِ پاکستان کی باوقار تقریب میں صدرِ مملکت باضابطہ طور پر عطا کریں گے۔
واضح رہے کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانی اور غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈ دینےکی منظوری دی ہے۔سول ایوارڈز دینے کی تقریب آئندہ سال 23 مارچ کو یوم پاکستان پر ہوگی جس میں 355 شخصیات کو مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز دیے جائیں گے۔
گلوکارہ ترنم ناز اوراداکارہ نشو بیگم کو ستارہ امتیاز دیا جائےگا۔ اداکارہ غزالہ کیفی، اداکارہ ثانیہ سعید، ماریہ واسطی اور گلوکار ذوہیب حسن کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائےگا۔گلوکار شیراز اُپل کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔
شوٹرکشمالہ طلعت کو تمغہ حسن کارکردگی دیا جائےگا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹرصادق محمد کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائےگا۔
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو نشان امتیاز سے نوازا جائےگا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو نشان امتیاز سے نوازا جائےگا۔ وفاقی وزرا احد چیمہ اور محمد اورنگزیب کو بھی نشان امتیاز سے نوازا جائےگا۔ وزیرمملکت بلال اظہرکیانی کو نشان امتیاز سے نوازا جائےگا۔
ڈی جی آئی بی فواد اسداللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، سیکرٹری فنانس امداد اللہ بوسال اور سیکرٹری کامرس جواد پال کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو بھی تمغہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔ پبلک سروس کے شعبے میں وفاقی وزیر انجینئر امیرمقام کو ہلال امتیاز سے نوازا جائےگا۔
آزاد کشمیر سے شرپسندوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے پر زوبیہ خورشید راجہ کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائےگا۔ زوبیہ راجہ نے زخمی پولیس اہلکار کو جان پر کھیل کر شر پسندوں کے نرغے سے بچایا تھا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہدا کو ستارہ شجاعت سے نوازا جائےگا۔گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو ستارہ شجاعت سے نوازا جائےگا۔
سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ کو ستارہ امتیاز اور ڈی جی ستھرا پنجاب بابر صاحب دین کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔
سینئر صحافی صالح ظافر اور حاجی نواز رضا کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔ صحافی عمار مسعود، ماریہ ذوالفقار، عادل شاہزیب اور حماد حسن کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔
قائداعظم کےمعالجین ڈاکٹرجل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹرجل ڈائبوکوبعدازمرگ نشان قائداعظم سے نوازا جائےگا۔
سعودی شہزادہ سعود بن نائف کو ہلال پاکستان سے نوازا جائےگا۔ ترک وزیرخارجہ حاقان فیدان کو ستارہ پاکستان سےنوازا جائےگا۔ ترک وزیردفاع یاسر گلار کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائےگا۔ترک وزیرتجارت عمر بولاٹ کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائےگا۔ڈاکٹر خالد عباس الاسدی کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔ ڈاکٹرپال جیکب بھٹی کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔
