اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے شامی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر احمد الشرع کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر بھی کیا۔
شہباز شریف نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر پاکستان شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، جنہیں سیاست، دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور شام کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھیں گے اور پاکستان سے شام جانے والے زائرین کو بھی سہولت حاصل ہوگی۔
شامی وزیر خارجہ نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور انہیں شام کی سیاسی صورتحال اور تعمیر نو سے متعلق جاری کوششوں پر بریفنگ دی۔
اسعد حسن الشیبانی نے شام کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ شامی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کیلئے جلد باقاعدہ ادارہ جاتی طریقہ کار تشکیل دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
