Baaghi TV

بانی پی ٹی آئی کی آج رات ہسپتال منتقلی کا امکان، سیکیورٹی انتظامات مکمل

بانی پی ٹی آئی کو آج رات شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ان کی منتقلی کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کا دورہ کیا اور بانی پی ٹی آئی کی ممکنہ منتقلی کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے بعد ان کی ہسپتال منتقلی کیلئے انتظامیہ کی جانب سے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ رات 12 بجے تک وقت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور متعلقہ حکام اس حوالے سے جو اقدامات ضروری ہیں، وہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو دن کے اندر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کیلئے حکومت کے پاس آج رات 12 بجے تک کی مہلت ہے۔ عدالتی حکم پر مقررہ وقت تک عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

More posts