Baaghi TV

پسند کی شادی کے بعد فاطمہ زہرا قتل، شوہر اور کزن زخمی

سندھ کے علاقے ٹھٹہ میں پسند کی شادی کرنے والی نوجوان لڑکی فاطمہ زہرا مبینہ طور پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہوگئی، جبکہ اس کا شوہر علی اکبر اور کزن زخمی ہوگئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق علی اکبر ٹھٹہ میں منیر شاہ کے ساتھ کیبل نیٹ کا کام کرتا تھا، جہاں اس کی منیر شاہ کی بیٹی فاطمہ زہرا سے ملاقات ہوئی۔ دونوں کے درمیان دوستی کے بعد محبت ہوئی اور دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق ابتدا میں دونوں خاندان اس شادی کے حق میں نہیں تھے۔ فاطمہ زہرا پر بھی مبینہ طور پر دباؤ ڈالا گیا، جبکہ ایک موقع پر اس نے مبینہ طور پر زہریلی چیز کھا کر خودکشی کی کوشش بھی کی۔بعدازاں علی اکبر اور فاطمہ زہرا نے عدالت میں نکاح کرلیا۔ نکاح کے بعد فاطمہ کے اہلخانہ نے علی اکبر پر مبینہ اغوا کا الزام عائد کیا، تاہم دونوں کی تلاش کے بعد فاطمہ اپنے گھر جبکہ علی اکبر اپنے گھر چلا گیا۔

دونوں خاندانوں کے درمیان معاملہ حل کرنے کی کوششیں بھی جاری رہیں، تاہم فاطمہ کے اہلخانہ مبینہ طور پر اس رشتے کو قبول کرنے پر آمادہ نہ ہوئے۔ بعدازاں فاطمہ اور علی اکبر الگ رہنے لگے اور معاملہ دوبارہ عدالت تک پہنچ گیا۔عدالت نے دونوں کو ساتھ رہنے کی اجازت دیتے ہوئے سندھ پولیس کو جوڑے کو تحفظ فراہم کرنے کے احکامات بھی دیے۔ پولیس کے مطابق جوڑے کو سیسی ٹول پلازہ تک سیکیورٹی فراہم کی گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹول پلازہ سے آگے علی اکبر اپنے کزن کے ہمراہ اہلیہ فاطمہ زہرا کو لے کر جا رہا تھا کہ تعاقب میں آنے والی گاڑی سے نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں فاطمہ زہرا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، جبکہ علی اکبر اور اس کا کزن زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے

More posts