Baaghi TV

بحری تجارت کے فروغ میں اہم پیش رفت،کراچی پورٹ پر ڈریجنگ آپریشنز کا آغاز

کراچی: نیشنل ڈریجنگ اینڈ میرین سروسز (این ڈی ایم ایس) نے کراچی پورٹ پر ڈریجنگ آپریشنز کا باضابطہ آغاز کردیا، جسے پاکستان کی بحری صلاحیت اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں این ڈی ایم ایس اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان ڈریجنگ معاہدے پر دستخط بھی ہوگئے ہیں۔ ڈریجنگ کے عمل کے ذریعے بندرگاہ کی تہہ میں جمع مٹی، ریت اور کیچڑ نکال کر مطلوبہ گہرائی برقرار رکھی جاتی ہے تاکہ بڑے بحری جہازوں کی آمدورفت اور لنگراندازی ممکن ہوسکے۔این ڈی ایم ایس، نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی)، کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ اتھارٹیز کی شراکت سے ملک میں ڈریجنگ کی مقامی صلاحیت کو فروغ دے رہا ہے۔ وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کی سفارشات کی روشنی میں بھی ڈریجنگ کے شعبے میں ملکی صلاحیت بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

این ڈی ایم ایس کراچی ہاربر اپروچ چینل، ٹیپو سلطان چینل اور ساؤتھ وارف بیسن میں ڈریجنگ آپریشنز انجام دے گا۔ ان آپریشنز کے ذریعے کراچی پورٹ کی گزرگاہوں کی مطلوبہ گہرائی برقرار رکھی جائے گی، جس سے بڑے بحری جہازوں کی آمدورفت مزید مؤثر ہونے کی توقع ہے۔مقامی سطح پر ڈریجنگ کی سہولت دستیاب ہونے سے غیر ملکی کمپنیوں پر انحصار کم ہوگا، بندرگاہی آپریشنز کی کارکردگی بہتر ہوگی اور قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔

More posts