لیڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں بھاری شکست کے بعد پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں پر غور شروع کردیا ہے، جبکہ بابر اعظم کی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔ لندن پہنچنے کے بعد مقامی کنڈیشنز کا جائزہ لے کر پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب انگلی کی انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر رہنے والے بابر اعظم کی واپسی کے لیے ٹیم مینجمنٹ پرامید ہے۔
بابر اعظم کی واپسی کی صورت میں اذان اویس کو پلیئنگ الیون سے باہر کیے جانے کا امکان ہے۔ ٹیم مینجمنٹ لارڈز کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے بیٹنگ اور بولنگ کمبی نیشن میں بھی تبدیلیاں کرسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق لندن کی نسبتاً خشک اور ڈرائی کنڈیشنز کے باعث پاکستان دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے پر بھی غور کر رہا ہے، جبکہ فاسٹ بولر عبید شاہ کو ان کی رفتار کے باعث لارڈز ٹیسٹ میں موقع دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لارڈز کی پچ نسبتاً فلیٹ ہونے کی توقع ہے، تاہم مقامی کنڈیشنز اور پچ کی صورتحال دیکھنے کے بعد حتمی ٹیم کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کے خسارے کا سامنا ہے اور سیریز میں واپسی کے لیے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی قومی ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہوگی۔
