ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی کے باوجود ایران نے گزشتہ ایک سے دو ماہ کے دوران 70 ملین بیرل تیل فروخت کیا اور اربوں ڈالر کی آمدنی حاصل کی۔
ایرانی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے محسن رضائی نے کہا کہ ایران نے امریکی بحری ناکہ بندی کو نظرانداز کرتے ہوئے لاکھوں بیرل تیل فروخت کیا۔ ان کے بقول ایران اب بھی اپنی تیل کی تجارت جاری رکھے ہوئے ہے اور روزانہ کی بنیاد پر تیل فروخت کیا جا رہا ہے۔
محسن رضائی نے دیگر ممالک کو خبردار کیا کہ وہ ایران کے خلاف امریکی اقتصادی جنگ کا حصہ نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پہلے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے گا، تاہم اگر کوئی ملک امریکی اقدامات میں ایران کے خلاف شامل ہوا تو ایران اپنے دشمن ممالک کے مفادات کو نشانہ بنانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ ایران امریکی دباؤ کے باوجود اپنی معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے اور پابندیوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
