وفاقی حکومت نے پاور ڈویژن کے گریڈ 17 سے 21 تک کے افسران کی مفت بجلی کی سہولت ختم کرکے اس کے بدلے فی یونٹ 30 روپے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے نظام کے تحت افسران کو مفت بجلی کے یونٹس کے بجائے مقررہ رقم دی جائے گی۔ گریڈ 17 کے افسران کو 450 یونٹس کے عوض ماہانہ 15 ہزار 858 روپے جبکہ گریڈ 18 کے افسران کو 600 یونٹس کے بدلے 21 ہزار 990 روپے ادا کیے جائیں گے۔
گریڈ 19 کے افسران کو 880 یونٹس کے بجائے 37 ہزار 594 روپے، گریڈ 20 کے افسران کو 1100 یونٹس کے متبادل 46 ہزار 992 روپے جبکہ گریڈ 21 کے افسران کو 55 ہزار 536 روپے ماہانہ ادا کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ مفت بجلی کی فراہمی ختم کرنے سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے۔ پاور ڈویژن نے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت گریڈ 17 سے 21 تک کے اہل افسران کو مفت یونٹس کے بجائے ان کے مقررہ کوٹے کے مطابق نقد رقم فراہم کی جائے گی۔
