تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل 2.68 ڈالر کمی کے بعد 82.33 ڈالر فی بیرل پر آگیا، جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 3.34 ڈالر کمی کے بعد 88.83 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کررہا ہے۔
ایشیا کی اہم بینچ مارک اماراتی مربان خام تیل کی قیمت میں بھی 8.14 ڈالر کی بڑی کمی ہوئی اور یہ 93.30 ڈالر فی بیرل پر آگئی، جو تقریباً 8 فیصد کمی ہے۔
رائٹرز کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود سرمایہ کاروں میں سپلائی میں فوری بڑے تعطل کے خدشات کم ہونے کے باعث عالمی تیل مارکیٹ پر دباؤ دیکھا جارہا ہے۔
پاکستان میں عالمی تیل قیمتوں میں کمی کا اثر آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔ ملک میں پیٹرولیم قیمتوں کے لیے روزانہ نظرثانی کا نظام نافذ ہے، جس کے تحت عالمی مارکیٹ کے رجحانات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
تازہ نرخوں کے مطابق پاکستان میں پیٹرول 341.98 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 370.69 روپے فی لیٹر ہے۔ عالمی خام تیل کی قیمتوں میں کمی برقرار رہنے کی صورت میں پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات سستی ہوسکتی ہیں، تاہم حتمی قیمت کا انحصار عالمی نرخوں کے ساتھ روپے کی قدر، درآمدی لاگت، ٹیکسز اور دیگر عوامل پر ہوگا۔
