سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پنک الیکٹرک اسکوٹی پروگرام کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ مرحلے میں میرپورخاص کی خواتین میں بھی مفت الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق پنک اسکوٹی اور تربیتی پروگرام میں خواتین کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے اور اب تک 50 ہزار سے زائد خواتین اس کے لیے درخواستیں جمع کراچکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسکوٹیز کی فراہمی سے قبل خواتین کو ڈرائیونگ اور اسکوٹی چلانے کی باقاعدہ تربیت دی جارہی ہے۔ اب تک 2 ہزار سے زائد خواتین تربیت مکمل کرچکی ہیں، جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور نواب شاہ میں تربیتی پروگرام جاری ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد خواتین کو محفوظ اور بااعتماد انداز میں اسکوٹی چلانے کے قابل بنانا ہے تاکہ انہیں روزمرہ آمدورفت میں آسانی کے ساتھ تعلیم، ملازمت اور دیگر معاشی سرگرمیوں تک رسائی کے بہتر مواقع بھی مل سکیں۔
صوبائی وزیر کے مطابق پروگرام کے پہلے مرحلے میں 925 اور دوسرے مرحلے میں 476 اسکوٹیز مختص کی گئی تھیں، جبکہ مجموعی طور پر اب تک 810 سے زائد پنک الیکٹرک اسکوٹیز خواتین میں مفت تقسیم کی جاچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس منصوبے کو صرف کراچی تک محدود رکھنے کے بجائے صوبے کے مختلف شہروں تک پہنچا رہی ہے۔ میرپورخاص میں آئندہ مرحلے کے دوران اسکوٹیز کی تقسیم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق پنک اسکوٹی پروگرام کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں محفوظ، آسان اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ اور معاشی سرگرمیوں میں زیادہ مؤثر انداز میں حصہ لے سکیں۔
