کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 8 گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا، تاہم فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ 70 فیصد تک کنٹرول کرلی گئی ہے اور فائر فائٹنگ آپریشن جاری ہے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فیکٹری میں لگی آگ پر 70 فیصد قابو پالیا گیا ہے اور اس وقت آگ صرف ایک حصے میں موجود ہے، جہاں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مسلسل کارروائی کررہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فیکٹری کی عمارت کے اطراف کھڑکیوں سے شعلے باہر آنا بھی بند ہوگئے ہیں، جبکہ آگ بجھانے کے لیے 11 فائر ٹینڈرز، 2 باؤزرز اور 2 اسنارکلز موقع پر کام کررہے ہیں۔ ان کے مطابق آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد عمارت میں کولنگ کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے امکانات کو ختم کیا جاسکے۔
ریسکیو 1122 کی آپریشن انچارج یسریٰ علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو حکام کو فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع تقریباً ایک بجے ملی تھی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور فائر فائٹنگ آپریشن شروع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آگ پر مکمل قابو پانے میں مزید 4 سے 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ آتشزدگی کے باعث پیدا ہونے والے شدید دھویں سے 3 افراد کی حالت خراب ہوئی تھی، جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی اصل وجوہات کا تعین فائر آپریشن مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق شدید آتشزدگی کے باعث فیکٹری کا ایک حصہ منہدم بھی ہوگیا، جبکہ آگ پھیل کر ساتھ والی فیکٹری تک بھی پہنچ گئی تھی۔ فائر فائٹرز کی جانب سے آگ کو مزید عمارتوں تک پھیلنے سے روکنے کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ جس وقت فیکٹری میں آگ بھڑکی، اس وقت عمارت میں کوئی عملہ موجود نہیں تھا، تاہم فیکٹری کے اندر استعمال شدہ کپڑے کی بڑی مقدار موجود تھی، جس کے باعث آگ نے شدت اختیار کی اور اسے بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق فائر فائٹنگ آپریشن مکمل ہونے کے بعد کولنگ کا مرحلہ شروع کیا جائے گا، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات اور فیکٹری کو پہنچنے والے نقصان کا بھی بعد میں تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
