قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج ٹاورز لمیٹڈ میں فاؤنڈرز وال کا افتتاح کیا اور ادارے کی بنیاد رکھنے والے بانیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام میں سرمائے کی منڈی کا کردار انتہائی اہم ہے، جبکہ پارلیمنٹ ملک کے معاشی سفر میں ایک پرعزم شراکت دار کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی جانب سے سرمائے کی منڈی سے متعلق قانون سازی کو بہتر بنانے، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور مالیاتی شعبے میں شفافیت و اعتماد کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے تحت ضابطہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے نگرانی کا مؤثر عمل جاری ہے۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ مضبوط اور منظم کیپیٹل مارکیٹ ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور معاشی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج ٹاورز لمیٹڈ کے بانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈرز وال کا قیام ان شخصیات کی کاوشوں اور ادارے کی بنیاد رکھنے میں ان کے کردار کو یاد رکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
