بالی وڈ اداکارہ بپاشا باسو چھ سال کے طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر اداکاری کی دنیا میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ اداکارہ ہدایت کار ہنسل مہتا کی آنے والی کرائم تھرلر سیریز ’بارابنکی‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بپاشا باسو نے ممبئی میں سیریز کی شوٹنگ بھی شروع کردی ہے، جو تقریباً چھ برس بعد ان کا پہلا بڑا اسکرین پروجیکٹ ہوگا۔ اداکارہ کی واپسی کے حوالے سے ان کے مداحوں میں بھی خاصی دلچسپی پائی جارہی ہے۔
سیریز ’بارابنکی‘ ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر آلوک لال کی کتاب ’دی بارابنکی نارکوز، بسٹنگ انڈیاز موسٹ نوٹوریئس ڈرگ کارٹل‘ پر مبنی ہے، جس میں بھارت کے ایک بڑے منشیات فروش نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔
کرائم تھرلر سیریز کی کہانی اتر پردیش میں افیون کے ایک طاقتور منشیات فروش گروہ کے خلاف کیے گئے حقیقی آپریشن کے گرد گھومتی ہے۔ اس آپریشن کا مقصد منشیات کے بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا کر اسے ختم کرنا تھا۔
بپاشا باسو کی اس سیریز میں شمولیت کو ان کی طویل عرصے بعد اداکاری میں واپسی کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جبکہ ہنسل مہتا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ سیریز حقیقی واقعات اور جرائم کی دنیا کے پس منظر میں ایک سنجیدہ اور دلچسپ کہانی پیش کرے گی۔
