قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے موجودہ صورتحال پر حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کامیابی پر خوش نہ ہونا کسی پاگل پن سے کم نہیں اور اس وقت تمام سیاسی قیادت کو ایک ساتھ بیٹھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ اگرچہ اختلافات اپنی جگہ موجود ہیں، مگر ایسے نازک وقت میں سب کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خیر اور تقویٰ کے جذبے کے تحت حکومت کی حمایت کر رہے ہیں اور ہر ممکن تعاون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جو بے شمار وسائل سے مالا مال ہے، اس کے باوجود ہمیں دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات ایک اہم موقع فراہم کر رہے ہیں جسے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
محمود اچکزئی نے امریکا کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مسئلہ ٹرمپ کی انا ہے، جو یہ سمجھتے تھے کہ ایران جلد سرنڈر کر دے گا، تاہم حالات اس کے برعکس ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک کے شہری ہیں اور ان سے بات چیت ہونی چاہیے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ وہ جیل جا کر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے اور معاملات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود قومی مفاد سب سے مقدم ہونا چاہیے اور تمام قوتوں کو مل کر ملک کو آگے لے جانا ہوگا۔ انہوں نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
محمود اچکزئی کا حکومت کی حمایت کا اعلان، قومی اتحاد پر زور
