Baaghi TV

اداکارہ مونالیسا کا ہدایت کار سنوج مشرا پر ہراسانی کا الزام

انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے ایک چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے، جس نے فلم انڈسٹری میں سیفٹی اور ورک کلچر پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ اداکارہ مونالیسا نے اپنی پہلی فلم ’ڈائری آف منی پور‘ کے ہدایت کار سنوج مشرا پر سیٹ پر جنسی ہراسانی اور بدتمیزی کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔

وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں مونالیسا نہایت جذباتی انداز میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات بیان کرتی نظر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں ذہنی اور جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ اداکارہ کے مطابق ہدایت کار نے انہیں کئی بار نامناسب طریقے سے چھوا۔مونالیسا نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا“وہ اچھے انسان نہیں ہیں، انہوں نے مجھے سیٹ پر 10 بار نامناسب طریقے سے چھوا۔ میں نے اپنے گھر والوں کو بھی بتایا، لیکن شروع میں وہاں سے بھی مجھے مکمل حمایت نہیں ملی۔”انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ایک خاتون کو فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے لیے اپنی عزت قربان کرنا پڑتی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ ان کے اہلِ خانہ نے ابتدا میں انہیں فلم مکمل کرنے کا مشورہ دیا، جس پر انہوں نے شدید دکھ اور غصے کا اظہار کیا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ انصاف چاہتی ہیں اور اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔ ان کے انکشافات نے ایک بار پھر فلم انڈسٹری میں ’می ٹو‘ جیسی تحریکوں کی یاد تازہ کر دی ہے، جہاں نئے آنے والوں کے استحصال کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔

دوسری جانب ہدایت کار سنوج مشرا نے تاحال ان الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔ ان کی خاموشی نے معاملے کو مزید سنجیدہ بنا دیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر مداحوں کی بڑی تعداد مونالیسا کے حق میں آواز بلند کر رہی ہے۔واضح رہے کہ فلم ’ڈائری آف منی پور‘ پہلے ہی اپنے متنازع موضوع کے باعث خبروں میں تھی، تاہم اب مرکزی اداکارہ کے الزامات کے بعد فلم کا مستقبل غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ معاملہ عدالت تک پہنچتا ہے تو یہ انڈسٹری کے لیے ایک بڑا کیس ثابت ہو سکتا ہے۔

More posts