بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع یاوت مال کے ایک سرکاری اسکول میں پاکستان کا جنگی دور کا مشہور ملی نغمہ چلائے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں کم عمر بھارتی طلبہ کو پاکستانی فوجی ترانے "اے مردِ مجاہد تیری یلغار کہاں ہے” پر تلواروں کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسکول کے طلبہ ایک باقاعدہ پرفارمنس کے دوران ہاتھوں میں تلواریں تھامے ملی جوش و جذبے کے انداز میں حرکات کر رہے ہیں، جبکہ پس منظر میں پاکستانی افواج کا مشہور جنگی ترانہ بج رہا ہے۔
یاد رہے کہ "اے مردِ مجاہد تیری یلغار کہاں ہے” 1965 کی پاک-بھارت جنگ کے دوران پاکستانی افواج اور عوام کا حوصلہ بلند کرنے کے لیے نشر کیا گیا تھا اور آج بھی پاکستان کے مقبول ترین ملی نغموں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ نغمہ بھارتی فوج کے خلاف جنگی پس منظر رکھتا ہے، جس کے باعث بھارت میں اس کے سرکاری اسکول میں بجنے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی تعلیمی حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے کہ یہ نغمہ کس کی اجازت سے چلایا گیا اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے میں کس سطح پر غفلت برتی گئی۔ ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسکول کے اساتذہ یا پروگرام کے منتظمین نے گانے کے پس منظر اور حساسیت پر توجہ نہیں دی۔
