افغان کرکٹر محمد نبی اور ان کے بیٹے حسن عیسیٰ خیل نے بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کر کے کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، نوکھالی ایکسپریس کی جانب سے کھیلتے ہوئے حسن عیسیٰ خیل نے اپنے والد محمد نبی کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 53 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ اس دوران 19 سالہ حسن عیسیٰ خیل نے 60 گیندوں پر 92 رنز بنائے۔
یہ باپ بیٹے کی جوڑی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک ٹیم سے کھیلنے والی پہلی جوڑی بن گئی ہے۔
اس موقع پر محمد نبی نے کہا کہ اپنے بیٹے کے ساتھ کھیل کر انہیں بہت خوشی ہوئی، وہ کافی عرصے سے اس لمحے کا انتظار کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیٹے کو پروفیشنل کرکٹر بنایا اور ڈیبیو پر اچھی پرفارمنس دکھائی۔ میچ سے ایک دن قبل انہوں نے 90 منٹ کی تیاری کی اور بیٹے کو مختلف بولز کے مقابلے کی رہنمائی بھی دی۔
حسن عیسیٰ خیل نے کہا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ کھیل کر خوش ہیں، والد سخت مزاج نہیں ہیں لیکن ٹریننگ میں سختی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان نیشنل ٹیم کی جانب سے کھیلنا ان کا خواب ہے۔
اس میچ میں نوکھالی ایکسپریس نے ڈھاکا کیپیٹلز کو 41 رنز سے شکست دی۔
افغان کرکٹر محمد نبی اور بیٹے نے ایک ہی ٹیم میں کھیل کر کرکٹ کی تاریخ رقم کردی
