Baaghi TV

افغان صوبے تخار میں طالبان اور مقامی افراد میں جھڑپ،متعدد زخمی

افغانستان کے صوبہ تخار کے ضلع چاہ‌آب میں رہائشی آبادی کے قریب سونے کی کان کنی کے لیے آنے والے طالبان کے بعض ارکان کے ساتھ مقامی لوگوں کی جھڑپ میں دونوں جانب سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی افراد طالبان پر پتھراؤ کر رہے ہیں جبکہ فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں، ویڈیو میں فائرنگ کے بعد مقامی افراد کو موقع سے بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے، اسی ویڈیو میں سونے کی کان کنی کرنے والی کمپنی کے اہلکاروں کو بھاری مشینری کے ساتھ علاقے میں موجود دیکھا جا سکتا ہے،افغان میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہلکار سونے کی کان کنی کے لیے آپریشن شروع کرنا چاہتے تھے تاہم اس اقدام کی مخالفت کرنے والے مقامی باشندے کمپنی کے اہلکاروں سے الجھ پڑے۔،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سونے کی تلاش کے لیے گاؤں آنے والے نامعلوم افراد نے مجمع کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا، مظاہرین نے جوابی ردعمل میں کمپنی کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا،پتھراؤ اور تصادم میں مزید افراد بھی زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ طالبان نے گزشتہ چار برسوں کے دوران افغانستان کے مختلف صوبوں میں معدنی وسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے، ناقدین طویل عرصے سے معدنی وسائل کی کان کنی اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن کے استعمال کے حوالے سے طالبان کی شفافیت پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔

More posts