اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے قوم کے نام جاری کردہ اپنے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں افغانستان کی صورتحال اور پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور وہاں دہشت گردوں کو باقاعدہ تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں میں افغان طالبان کی موجودہ رجیم ملوث ہے۔
عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ افغانستان میں اس وقت ایک غیر قانونی حکومت قابض ہے، جس کی پالیسیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور حال ہی میں افغان جارحیت کا پاکستان نے منہ توڑ اور مؤثر جوابی کارروائی کے ذریعے جواب دیا ہے۔
وفاقی وزیر کا یہ بیان پاکستان کے سکیورٹی مؤقف کو واضح کرتا ہے کہ کسی بھی بیرونی مداخلت یا دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
افغانستان دہشت گردوں کی تربیت کا مرکز، افغان طالبان رجیم براہِ راست ملوث: عطاء اللہ تارڑ
