افغانستان میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب نے تباہی مچا دی، مختلف علاقوں میں کم از کم 17 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ملک میں موسمِ سرما کی پہلی بارشوں کا آغاز ہوا ہے، جس کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں شدید بارش اور برف باری ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان کے مطابق حالیہ بارشوں نے اگرچہ ایک طویل خشک موسم کا خاتمہ کر دیا ہے، تاہم اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک کے وسطی، شمالی، جنوبی اور مغربی حصے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ مختلف صوبوں میں اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے گھروں، سڑکوں اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ سیلابی صورتحال کے باعث اب تک کم از کم 17 افراد ہلاک جبکہ 11 افراد زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کئی علاقوں میں بنیادی انفرااسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے، متعدد سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور بجلی و مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ مزید بارشوں اور برف باری کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہا تو ہلاکتوں اور نقصانات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
