واربرٹن کے علاقہ جھنگڑ لعل میں آل پاکستان گھوڑا ڈانس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے لائے گئے گھوڑوں نے خوبصورت رقص پیش کر کے سماں باندھ دیا،
نمائندہ باغی ٹی وی عبدالغفار چوہدری کے مطابق واربرٹن کے نواحی علاقہ جھنگڑ لعل میں معروف صوفیہ بزرگ بابا بشیر دولہ شاہ ولی رح کے 18 ویں سالانہ عرس مبارک تقریبات کے سلسلہ میں ہونے والے ان مقابلوں میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے لائے گئے 150سے زائد گھوڑا پارٹیوں نے حصہ لیا، دلکش انداز میں سجے خوبصورت گھوڑوں نے علاقائی گانوں کی دھنوں اور ڈھول کی تھاپ پر خوبصورت رقص پیش کر کے سماں باندھ دیا اور دور دراز سے آئے ہزاروں شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا، منفرد انداز میں رقص کرتے گھوڑوں پر شرکاء نے نوٹوں کی بارش کر دی، مقابلوں کے منتظم رائے بلال سیف کا کہنا ہے کہ ان مقابلوں کا مقصد گھٹن زدہ ماحول میں لوگوں کو تفریح فراہم کرنا اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں لانا ہے، اپنے آباؤ اجداد کی روایات کے مطابق مقابلوں میں آنے والے تمام گھوڑوں اور ان کے مالکان کے لئے رہائش اور کھانے سمیت تمام انتظامات کئے جاتے ہیں۔
