انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 22 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 21.6 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ جامشورو میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ دورانِ تفتیش گرفتار ملزمہ نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتی تھی، جس پر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایک اور کارروائی خیبر پختونخوا میں باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کی گئی، جہاں قطر جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 600 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اے این ایف حکام نے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر کے منشیات ضبط کر لی۔اسی طرح بلوچستان میں کوئٹہ کے علاقے بالیلی چیک پوسٹ کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار ملزم کو روکا گیا، جس کی تلاشی کے دوران 15 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزم کو گرفتار کر کے منشیات تحویل میں لے لی گئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک رکھنے کے لیے کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا۔
