اسلام آباد کے مارگلہ ہلز کے علاقے میں فضائی دفاعی نظام نے ایک اور مشتبہ ڈرون کو مار گرایا جس کے بعد دارالحکومت میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے۔
حکام کے مطابق ڈرون کو فضا میں ہی نشانہ بنایا گیا اور اس کا ملبہ مارگلہ کی پہاڑیوں کے جنگلاتی علاقے میں گر گیا۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان یا انفراسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا۔
اس واقعے کے بعد احتیاطی طور پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کچھ وقت کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ تاہم سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اب پروازوں کا سلسلہ دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے اور ملکی و غیر ملکی فلائٹس معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے مارگلہ ہلز کے اطراف اہم مقامات پر تعینات ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے نگرانی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مکمل سیکیورٹی جائزے کے بعد مقامی فضائی حدود کو تجارتی پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
مارگلہ ہلز میں ایک اور ڈرون مار گرایا گیا، اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بحال
