Baaghi TV

ایران میں حکومت مخالف طلبہ احتجاج دوبارہ شدت اختیار کرگیا

‎ایران میں حکومت مخالف احتجاج کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جہاں مختلف جامعات کے طلبہ مسلسل دوسرے روز بھی سڑکوں پر نکل آئے۔
‎خبر ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق کم از کم آٹھ جامعات میں طلبہ نے پیر کے روز حکومت کے خلاف مظاہرے کیے اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے انقلابِ ایران سے پہلے استعمال ہونے والے شیر اور سورج کی علامت والے ایرانی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے، جو سیاسی احتجاج کی علامت سمجھے جا رہے ہیں۔
‎کئی مقامات پر مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم سرکاری سطح پر جانی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
‎یاد رہے کہ ایران میں جنوری کے دوران بھی ملک گیر احتجاج دیکھنے میں آیا تھا، جس میں مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید تصادم رپورٹ ہوئے تھے۔
‎ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن پر ایرانی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مظاہرین پر تشدد نہ روکا گیا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

More posts