Baaghi TV


عارف حبیب گروپ کنسورشیم کا پی آئی اے کے باقی 25 فیصد حصص خریدنے کا فیصلہ


عارف حبیب گروپ کنسورشیم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) میں حکومت کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص خریدنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد قومی فضائی کمپنی کا مکمل اختیار کنسورشیم کے پاس چلا جائے گا۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر شاہد علی حبیب نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ کنسورشیم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اپریل میں یہ معاملہ حتمی طور پر طے کیا جائے گا اور اس کے بعد بارہ مہینے کے اندر ادائیگی مکمل کر دی جائے گی۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے سو فیصد حصص کی خریداری کے بعد ایئر لائن مکمل طور پر نجی شعبے کے کنٹرول میں ہوگی اور سرکاری نامزد ارکان سے آزاد ہو جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایئر لائن اپنی عملی اور انتظامی سرگرمیاں خود انجام دے گی اور نجی شعبے کے معیار کے مطابق خدمات فراہم کرے گی۔
‎واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے کے عوض پی آئی اے کے 75 فیصد حصص حاصل کیے تھے۔ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کا مقصد خسارے میں جانے والی فضائی کمپنی کو منافع بخش بنانا، طیاروں کے بیڑے میں توسیع اور مسافروں کے لیے خدمات کو بہتر بنانا تھا۔

More posts