Baaghi TV

آرٹیمس 2 مشن کامیابی سے مکمل، چاروں خلا باز بحرالکاہل میں بحفاظت واپس اتر گئے

امریکی خلائی ادارے ناسا کے تاریخی آرٹیمس 2 مشن نے کامیابی کے ساتھ اپنا سفر مکمل کر لیا، جب مشن کے چاروں خلا باز جنوبی کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب بحرالکاہل میں بحفاظت اتر گئے۔ یہ مشن انسانی خلائی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ناسا کے مطابق اورین اسپیس کرافٹ نے تقریباً 10 روزہ مشن کے دوران لگ بھگ 6 لاکھ 85 ہزار میل کا سفر طے کیا، چاند کے گرد چکر لگایا اور پھر کامیابی سے زمین پر واپس پہنچا۔ یہ 50 برس بعد پہلا موقع ہے جب انسان زمین کے نچلے مدار سے باہر نکل کر دوبارہ چاند کے قریب پہنچے ہیں،اس سے قبل آخری بار دسمبر 1972 میں اپولو 17 مشن کے دوران انسان چاند کے قریب گئے تھے، جبکہ اب آرٹیمس پروگرام نے نئی نسل کی قمری مہمات کی راہ ہموار کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ مشن مستقبل میں چاند پر مستقل انسانی موجودگی اور مریخ کی جانب سفر کی تیاری کا اہم مرحلہ ہے۔

مشن کمانڈر ریڈ وائزمین نے بحفاظت واپسی کے بعد کہا کہ “ہم بالکل ٹھیک ہیں”، اور اس تاریخی سفر کو اپنی زندگی کا یادگار ترین تجربہ قرار دیا۔

یاد رہے کہ اورین اسپیس کرافٹ میں چار خلا باز سوار تھے، جنہوں نے اپولو 13 کے 1970 میں قائم کردہ انسانی خلائی سفر کے فاصلے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس دوران انہوں نے چاند کے اُس حصے کا بھی مشاہدہ کیا جو زمین سے نظر نہیں آتا۔آرٹیمس 2 کی کامیابی کے بعد اب دنیا کی نظریں آرٹیمس 3 مشن پر مرکوز ہیں، جس کے تحت آئندہ برسوں میں دوبارہ انسان کو چاند کی سطح پر اتارنے کا منصوبہ ہے۔

More posts