Baaghi TV

‎اسلام مخالف بیانات پر آسٹریلیا نے اسرائیلی انفلوئنسر کا ویزا منسوخ کر دیا

‎آسٹریلیا نے اسلام کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے پر اسرائیلی سوشل میڈیا انفلوئنسر سیمی یہود کا ویزا منسوخ کر دیا ہے۔ الجزیرہ اور دیگر عالمی میڈیا اداروں کے مطابق آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ نفرت پھیلانے والے افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
‎آسٹریلیا کے وزیرِ داخلہ ٹونی برک نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ نفرت پھیلانا آسٹریلیا آنے کی کوئی معقول وجہ نہیں۔ انہوں نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ جو لوگ آسٹریلیا آنا چاہتے ہیں، وہ درست ویزا اور درست مقاصد کے ساتھ درخواست دیں، کیونکہ نفرت انگیزی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
‎یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب سیمی یہود نے خود انکشاف کیا کہ اسرائیل سے اس کی پرواز روانہ ہونے سے صرف تین گھنٹے قبل آسٹریلوی حکام نے اس کا ویزا منسوخ کر دیا۔
‎ویزا منسوخی سے چند گھنٹے قبل سیمی یہود نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسلام کے خلاف متنازع اور توہین آمیز پوسٹ کی تھی، جس میں اس نے اسلام کو غیر مسلموں، خواتین، بچوں اور ہم جنس پرستوں کے حقوق کے خلاف قرار دیا اور اسے نفرت پھیلانے والا نظریہ کہا۔
‎آسٹریلوی حکام کے مطابق ایسے بیانات ملک کے سماجی اقدار کے منافی ہیں اور اسی بنیاد پر ویزا منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

More posts