آسٹریا نے کم عمر بچوں کے تحفظ کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت 14 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
آسٹرین حکومت کے مطابق اس مقصد کے لیے ایک نیا قانون متعارف کرایا جائے گا، جسے جون 2026 کے آخر تک پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اس مجوزہ قانون کا بنیادی مقصد بچوں کو آن لائن خطرات، نامناسب مواد اور ذہنی دباؤ سے محفوظ رکھنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر کم عمر بچوں کو نہ صرف ہراسانی اور توہین آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس کے منفی اثرات ان کی ذہنی صحت پر بھی پڑ رہے ہیں، جس کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔
اس مجوزہ بل میں اسکولوں میں میڈیا لٹریسی یعنی میڈیا سے متعلق آگاہی کا مضمون شامل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ بچوں کو آن لائن معلومات کی درستگی اور گمراہ کن مواد کی پہچان سکھائی جا سکے۔
تاہم حکومت کی جانب سے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ عمر کی تصدیق کے لیے کون سا نظام اپنایا جائے گا اور اس قانون پر عملدرآمد کس طریقے سے یقینی بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا اور انڈونیشیا بھی کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی یا سخت پابندیاں عائد کرنے کے اقدامات کر چکے ہیں، جس کے بعد دنیا بھر میں اس حوالے سے بحث میں اضافہ ہوا ہے۔
آسٹریا میں بچوں کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی کی تیاری
