کیریبین ملک جمیکا سے نیویارک جانے والی ایک پرواز میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب دوران پرواز ایک خاتون مسافر کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگئی، جس کے بعد نومولود کی شہریت کے حوالے سے دلچسپ بحث چھڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیریبین ایئرلائنز کی پرواز 4 اپریل کو کنگسٹن سے روانہ ہوئی تھی اور نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل ہی جہاز میں ایک نئے مسافر کا اضافہ ہو چکا تھا۔ ایئرلائن کے مطابق دوران پرواز ایک ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی مگر عملے کی بروقت مدد سے خاتون نے بحفاظت بچے کو جنم دیا۔
ایئرلائن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ نیویارک پہنچنے پر ماں اور بچے کا طبی معائنہ کیا گیا اور دونوں کو ضروری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ نومولود لڑکا ہے یا لڑکی، اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ پیدائش پرواز کے کس مرحلے میں ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق پائلٹ اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کے درمیان ہونے والی گفتگو سے اندازہ ہوا کہ ممکنہ طور پر بچہ لڑکا ہے اور ماں نے اس کا نام “کینیڈی” رکھا ہے۔
اس واقعے کے بعد سب سے بڑا سوال بچے کی شہریت سے متعلق پیدا ہوا ہے۔ اگر والدین میں سے کوئی ایک امریکی شہری ہے تو بچے کو امریکی شہریت مل سکتی ہے۔ تاہم اگر والدین امریکی نہیں ہیں تو اس بات کا تعین ضروری ہوگا کہ پیدائش کے وقت طیارہ کس ملک کی فضائی حدود میں تھا۔
امریکی قوانین کے مطابق اگر کسی بچے کی پیدائش امریکی فضائی حدود میں ہو تو اسے امریکی شہریت دی جا سکتی ہے، تاہم اس کے لیے طیارے کی میڈیکل اور پائلٹ لاگ سمیت دیگر دستاویزات درکار ہوتی ہیں۔
یہ واقعہ نہ صرف ایک خوشی کا موقع ہے بلکہ عالمی قوانین کے تناظر میں ایک منفرد اور دلچسپ کیس بھی بن گیا ہے جس پر قانونی ماہرین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
دوران پرواز بچے کی پیدائش، شہریت پر دلچسپ سوالات
