Baaghi TV

بہاولپور میں دریائے ستلج کا ریلا بپھرنے سے زمیندارہ بند ٹوٹ گئے

بہاولپور میں دریائے ستلج کا ریلا بپھرنے سے زمیندارہ بند ٹوٹ گئے اور پانی ملحقہ آبادیوں میں داخل ہونے سے کئی مکانات گر گئے

موضع ساہلاں میں زمیندارہ بند ٹوٹنے سے پانی بستی حسین آباد اور ملحقہ بستیوں میں داخل ہو گیا جس کے باعث کئی مکان گر گئے اور علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی،ادھر ہیڈ تریموں سے نکلنے والے نئے ریلے کی آمد کے باعث دوبارہ ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے،ڈی سی ملتان کا کہنا ہے کہ ہیڈ تریموں سے 4 لاکھ 14 ہزار سے زائد کیوسک کا نیا ریلا دو روز میں ملتان کے بندوں سے ٹکرائے گا، لہٰذا دریائی علاقوں کے مکین دوبارہ گھروں کو جانے سے گریز کریں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ ریلےکی ملتان کی دریائی حدود سے نکلنے کی سست رفتار پر تشویش ہے، موجودہ ریلے نے شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کے متعدد علاقوں کو نقصان پہنچایا، 36 گھٹنےمیں ڈسچارج کی سست رفتارکے باعث ریلے کی سطح میں متوقع کمی نہیں ہوئی، ملتان: نئے ریلے کی شدت میں زیادہ اضافہ ہوا تو بریچنگ پر دوبارہ غور کریں گے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے سیلابی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گجرات میں بارشوں سے مرکزی نالوں میں بریچنگ ہوئی جو اربن فلڈنگ کی وجہ بنی، گجرات میں نکاسی آب کے لیے مشینری پہنچا دی گئی ہے، اگلے 12 سے 18 گھنٹے میں صورتحال بہتر ہو جائےگی، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 50 قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے، جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔سیالکوٹ اور گجرات سب سے زیادہ سیلاب سے متاثر ہوئے، گجرات میں ریلیف سرگرمیوں کے لیے تمام تر سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں۔

More posts