بحرین کی انٹیلی جنس اور سکیورٹی اداروں نے ایک بھارتی شہری کو اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کو حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت نتن موہن کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے لحاظ سے ٹیلی کمیونیکیشن انجینئر ہے۔بحرینی حکام کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ وہ ملک کے اہم اور حساس مقامات سے متعلق جغرافیائی معلومات ، تصاویر اور ویڈیوز اسرائیل کی بیرونی خفیہ ایجنسی موساد کو فراہم کر رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس نے مختلف مقامات کی تصویری اور عملی نوعیت کی معلومات بھی شیئر کیں جو غیر ملکی انٹیلی جنس کے لیے تجزیے اور ممکنہ اہداف کے تعین میں استعمال ہو سکتی تھیں۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فراہم کی گئی معلومات میں اسٹریٹجک مقامات کی نگرانی سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر شامل تھیں، جنہیں ممکنہ طور پر انٹیلی جنس تجزیے اور سکیورٹی جائزوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تاہم وزارت نے ابھی تک اس کیس کی تکنیکی تفصیلات یا مزید تفتیشی معلومات جاری نہیں کیں۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے
