متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں ایک خطرناک واقعہ پیش آیا جہاں ایئر ڈیفنس سسٹم کی جانب سے فضا میں تباہ کیے گئے بیلسٹک میزائل کا ملبہ زمین پر گرنے سے دو مختلف مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ خلیفہ اکنامک زون (KEZAD) کے قریب پیش آیا، جو ایک اہم تجارتی، لاجسٹک اور صنعتی مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے۔سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر ڈیفنس سسٹم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، تاہم اس کے ملبے کے گرنے سے قریبی علاقوں میں دو الگ الگ مقامات پر آگ لگ گئی۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ زخمی ہونے والے پانچوں افراد بھارتی شہری ہیں، جنہیں معمولی سے درمیانے درجے کی چوٹیں آئی ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
ابوظبی میڈیا آفس کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لیے خصوصی آلات اور ہنگامی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں، جبکہ مزید تفصیلات صورت حال واضح ہونے پر جاری کی جائیں گی۔
