قومی اسمبلی میں بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرار داد میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیاست سے بالاتر ہوکر قومی اتحاد ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں منظور کی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایوان بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتا ہے، دہشت گردوں نے گھناؤنے اور غیر انسانی ذرائع اختیار کیے۔متن میں کہا گیا ہے کہ ریاست دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرے، بیرونی اور اندرونی سہولت کاروں کیخلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف میدان میں بھی بھارت اور افغانستان کو شکست دیں گے، دشمن کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جو دنیا میں ہوتا ہے۔وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد 177 لاشیں چھوڑ کر بھاگے ہیں، ہم دہشتگردی کیخلاف میدان میں بھی بھارت اور افغانستان کو شکست دیں گے۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ دُنیا کو معلوم ہے بھارت دہشتگردی میں ملوث ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دشمنوں کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جو دُنیا میں ہوتا ہے۔
